اگست 18, 2026

سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر اظہارِ تشویش

0
Former Balochistan Chief Minister Nawab Sanaullah Khan Zehri addressing concerns over deteriorating law and order situation

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بلوچستان میں امن و امان کی خراب صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ، ان کے محافظ اور دیگر بے گناہ شہریوں کی شہادت پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی ایڈیشنل سیشن جج، ڈرائیور اور دیگر زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ قانون کی حکمرانی کے قیام اور اپنے آئینی و پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے جا رہے تھے۔ ایک فرض شناس افسر کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اقدام ہے، جو ریاستی اداروں اور نظامِ انصاف پر حملے کے مترادف ہے۔ ایسے واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسلسل ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے، دہشت گردی کے واقعات، قومی شاہراہوں کی بندش، مسافروں پر حملوں اور لوٹ مار جیسے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے۔ ان حالات کے باعث صوبے کے عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے، جس کا فوری ازالہ ضروری ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مطالبہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں اور دہشت گرد عناصر و امن دشمن قوتوں کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پرامن عوام کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ عوام کو تحفظ فراہم کرے، شاہراہوں کو محفوظ بنائے اور صوبے میں امن و امان کی مکمل بحالی کے لیے دیرپا اور مؤثر اقدامات کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے