مستونگ فائرنگ واقعے میں شہید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی نماز جنازہ ادا
کوئٹہ، 23 جولائی: مستونگ میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس کے بعد انہیں مکمل اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
نماز جنازہ اور تدفین میں صوبائی وزراء، مشیران، اراکین بلوچستان اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام، عدلیہ سے وابستہ شخصیات، وکلاء برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر شہید عبدالحکیم کاکڑ کی ملک، قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکاء نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اسٹاف آفیسر سید امین کے مطابق نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت اور خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
حکومت بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ قانون کے محافظوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔
