کمشنر لسبیلہ ڈویژن کا لسبیلہ یونیورسٹی کا دورہ
اوتھل: کمشنر لسبیلہ ڈویژن مس سائرہ عطاء نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مس ہمیرا بلوچ کے ہمراہ لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز (LUAWMS) کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد المالک ترین سے ملاقات کی۔
بعد ازاں لسبیلہ یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میں یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔ رجسٹرار LUAWMS ڈاکٹر بلاچ رشید نے یونیورسٹی کی تعلیمی، انتظامی اور ترقیاتی پیش رفت پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ پریزنٹیشن میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر الٰہی بخش مرغزانی، تمام ڈینز اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد المالک ترین نے یونیورسٹی کی پیش رفت اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جامعہ میں مختلف ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں BSDI کے تحت آئی ٹی اسکل لیب کا افتتاح بھی کیا گیا ہے، جو ضلعی حکومت لسبیلہ کے تعاون سے قائم کی گئی ہے۔ آئی ٹی اسکل لیب کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے شعبے میں عملی و فنی مہارتیں فراہم کرنا ہے۔
کمشنر لسبیلہ ڈویژن مس سائرہ عطاء نے یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور تعلیمی سہولیات کو سراہا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یونیورسٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بعد ازاں کمشنر مس سائرہ عطاء اور ڈپٹی کمشنر مس ہمیرا بلوچ نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد المالک ترین اور یونیورسٹی انتظامیہ کے ہمراہ یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی کاموں اور آئی ٹی اسکل لیب کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا
