سندھ اور بلوچستان کی بین الصوبائی سرحد کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے حب کے لیڈا کانفرنس ہال میں سندھ اور بلوچستان پولیس کے اعلیٰ حکام کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔
کوئٹہ: ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق اجلاس میں اسمگلروں، غیرقانونی تارکین وطن اور دہشت گرد عناصر کی نقل و حرکت روکنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔ یہ سندھ اور بلوچستان پولیس کے درمیان اس نوعیت کا پہلا باضابطہ مشترکہ اجلاس تھا۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک، ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ، ڈی آئی جی اسد رضا، ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی، ایس ایس پی کیماڑی سنگھار ملک اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر نے شرکت کی۔
بلوچستان پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی قلات رینج وزیر خان ناصر، ایس ایس پی حب مرزا بلال حسن، ڈی ایس پی حب امام بلوچ اور آر او اسپیشل برانچ ذوالفقار بلوچ اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں سندھ اور بلوچستان کی سرحد پر سیکیورٹی مزید سخت کرنے، نئی چیک پوسٹیں قائم کرنے، غیرقانونی تارکین وطن کی روک تھام، اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں صوبوں کو ملانے والی شاہراہوں اور دیگر راستوں پر سندھ اور بلوچستان پولیس کی مشترکہ گشت کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کے شرکا نے جرائم کے خاتمے اور سرحدی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ اس سلسلے کا آئندہ مشترکہ اجلاس سندھ میں منعقد ہوگا۔
