دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا عزم قابلِ تحسین ہے۔ شاہد رند
کوئٹہ: معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں شاہد رند نے کہا کہ نوشکی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کی جانے والی کارروائی میں 11 دہشت گردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن شبان کے دوران دہشت گردوں کے مزید ٹھکانوں کا خاتمہ اہم پیش رفت ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا عزم قابلِ تحسین ہے۔
شاہد رند کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں ملک میں امن کے قیام کے عزم کا اظہار ہیں۔ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی جدوجہد جاری رہے گی۔
