دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی ادارے اور عوام متحد ہیں.شاہد رند
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے قلات کے قریب دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت کارروائی کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
شاہد رند کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد قبضے میں لیا گیا۔
معاونِ اطلاعات بلوچستان نے کہا کہ کارروائی کے ذریعے قومی شاہراہ پر عوام کی پُرامن آمدورفت متاثر کرنے کی دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ان کے مطابق اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی ہے۔
شاہد رند نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی ادارے اور عوام متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شاہد رند کے مطابق غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھی بھرپور اقدامات جاری ہیں۔
