وڈیرہ رجب علی رند عوامی مسئلے کو لے کر کمشنر لسبیلہ ڈویژن کے پاس پہنچ گئے
ان کے ہمراہ چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب گل حسن محمد حسنی بھی موجد تھے
وڈیرہ رجب علی رند نے چیئرمین میونسپل کارپوریشن حب گل حسن محمد حسنی، میر اکبر زہری، خورشید رند اور دیگر معززین کے ہمراہ کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء سے ملاقات کی، جس میں حب میں بجلی کی 24 گھنٹے بندش اور طویل لوڈشیڈنگ کے سنگین مسئلے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وڈیرہ رجب علی رند نے کمشنر سائرہ عطاء کو علاقے میں بجلی کی غیر معمولی بندش کے باعث شہریوں، کاروباری افراد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ 24 گھنٹے بجلی کی بندش کا فوری نوٹس لیا جائے۔
اس موقع پر کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے واضح کیا کہ 24 گھنٹے لوڈشیڈنگ کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور اسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
کمشنر سائرہ عطاء نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ کے الیکٹرک حکام سے اس معاملے پر فوری بات کریں گی اور مسئلے کے حل کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر مسئلہ حل نہ ہوا تو متعلقہ حکام کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ملاقات میں وڈیرہ رجب علی رند نے کمشنر کی جانب سے مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حب کے عوام کو بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش سے جلد نجات دلائی جائے گی
