اگست 18, 2026

نصیرآباد میں وزیراعظم ہیپاٹائٹس سی تشخیص و علاج پروگرام کا آغاز، 12 روزہ مہم میں ایک لاکھ 90 ہزار افراد کی مفت اسکریننگ ہوگی

0
Officials lead Hepatitis C awareness rally in Naseerabad during the launch of the Prime Minister's Hepatitis C Screening and Treatment Program.

نصیرآباد: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور نصیرآباد جرگہ کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔ صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کی خصوصی کاوشوں سے ضلع نصیرآباد میں وزیراعظم ہیپاٹائٹس سی تشخیص و علاج پروگرام کے باقاعدہ آغاز کے سلسلے میں آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر چھتر بشیر احمد اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز جمالی نے کی۔ ریلی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سے شروع ہو کر سول ہسپتال نصیرآباد پہنچی، جہاں شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی کی مفت اسکریننگ بھی کی گئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں آگاہی پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

ریلی میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر حضور بخش مینگل، سیاسی و مذہبی رہنما حاجی رحمت اللہ بنگلزئی، ڈی پی سی شبیر احمد مری، حیدر علی، ایم این سی ایچ کوآرڈینیٹر سعید احمد، ثناء اللہ چکھڑا سمیت محکمہ صحت کے افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز جمالی نے بتایا کہ ضلع بھر میں 12 روزہ خصوصی مہم کے دوران ایک لاکھ 90 ہزار افراد کی ہیپاٹائٹس سی کی مفت اسکریننگ، تشخیص، علاج اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے 52 طبی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو شہری اور دیہی علاقوں میں گھر گھر جا کر لوگوں کی اسکریننگ کریں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جن افراد کی ابتدائی رپورٹ مثبت آئے گی، ان کے پی سی آر ٹیسٹ اور مکمل علاج بھی حکومتی پالیسی کے مطابق مفت فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قومی صحت پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی بروقت اسکریننگ کرائیں۔

اسسٹنٹ کمشنر بشیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور محکمہ صحت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ ہر شہری کو صحت کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے