غیر معیاری و زائدالمیعاد اشیاء کی فروخت کی روک تھام کے لیے مختیارکار ماتلی معصیب جونیجو نے سندھ فوڈ اتھارٹی (SFA) کی ٹیم کے ہمراہ حاجی سوان اسٹاپ، ٹنڈو غلام علی اور ڈمبالو کے مختلف علاقوں میں قائم کریان
ماتلی (رپورٹ دلمراد کمبوہ) ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد کی ہدایات پر عوام کو معیاری اور صحت بخش اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے اور غیر معیاری و زائدالمیعاد اشیاء کی فروخت کی روک تھام کے لیے مختیارکار ماتلی معصیب جونیجو نے سندھ فوڈ اتھارٹی (SFA) کی ٹیم کے ہمراہ حاجی سوان اسٹاپ، ٹنڈو غلام علی اور ڈمبالو کے مختلف علاقوں میں قائم کریانہ اسٹورز، بیکریوں اور فوڈ ریسٹورنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران ٹیم نے مختلف دکانوں اور کھانے پینے کے مراکز میں موجود اشیائے خوردونوش کے معیار، معیاد استعمال، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعدد دکانوں سے زائدالمیعاد اشیائے خوردونوش برآمد ہوئیں جبکہ بعض کاروباری مراکز میں صفائی کے ناقص انتظامات اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔معائنہ ٹیم نے خلاف ورزیوں پر متعلقہ دکانداروں اور کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اس موقع پر دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی دکانوں اور کھانے پینے کے مراکز میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنائیں، زائدالمیعاد اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت سے گریز کریں اور سندھ فوڈ اتھارٹی کے مقرر کردہ قوانین و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔
