اگست 18, 2026

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کا دورہ

0
muhsin naqvi meet cm balochistan

کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کی مشترکہ صدارت میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جاری سیکیورٹی اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بلوچستان میں انسداد دہشت گردی فورس (CTD) اور پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ صوبائی پولیس کو مضبوط بنانے سے متعلق اقدامات پر پیش رفت تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزارت داخلہ نے اس مقصد کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بحالی امن کے لیے ماسٹر پلان پر فوری اور مؤثر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ امن و امان کی حکمت عملی میں بلوچستان پولیس کے سابق سربراہان کے تجربات اور مشاورت سے بھی بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، مؤثر انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی اور بلوچستان حکومت امن کے قیام کے لیے مکمل یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہے گی اور کسی دباؤ میں نہیں آئے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی اور دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ میرٹ کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کا اعتماد بحال کرکے انہیں مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن، ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اسی لیے بلوچستان میں دونوں محاذوں پر بیک وقت پیش رفت یقینی بنائی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے صوبے میں امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں پر مزید تیزی سے عملدرآمد کیا جائے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے