ماتلی: سینئر صحافی سید علی مراد شاہ کی گرفتاری کے خلاف ماتلی میں صحافی برادری کا احتجاج
ماتلی: ایوان صحافت بدین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن، پنگریو پریس کلب کے جنرل سیکریٹری سینئر صحافی سید علی مراد شاہ کے خلاف ایس ایچ او پنگریو کی جانب سے مبینہ طور پر جھوٹا اور من گھڑت مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیے جانے کے خلاف ایوان صحافت بدین کی کال پر ماتلی پریس کلب کے سامنے صحافی برادری کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر دلمراد کمبوہ، طاہر یاسین کمبوہ، بابر علی مغل، دلشاد مغل، راؤ شکیل، شہمیر عباسی، اور دیگر صحافیوں نے کہا کہ سید علی مراد شاہ ایک ذمہ دار اور سینئر صحافی ہیں ان کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹا اور من گھڑت مقدمہ درج کرکے گرفتاری صحافتی آزادی اور آزادیٔ اظہار پر حملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔صحافیوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکنے، دباؤ میں لانے یا ہراساں کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔مظاہرین نے سندھ حکومت، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او پنگریو کو فوری طور پر معطل کیا جائے جبکہ سینئر صحافی سید علی مراد شاہ کے خلاف درج مقدمے کی صاف، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔
