نومبر 21, 2026

مکران کوسٹل ہائی وے پر مسافر بس اور ایل پی جی باؤزر میں خوفناک تصادم، 11 افراد جاں بحق، 33 زخمی

0
makran-hadsa

اوتھل (رپورٹ، محمد عمر لاسی) مکران کوسٹل ہائی وے (N-10) پر اورماڑہ کے علاقے بسول کے قریب مسافر کوچ اور ایل پی جی گیس باؤزر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث 11 افراد جاں بحق اور 33 مسافر زخمی ہوگئے۔ مرک 1122 کی رپورٹ کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا، جب تربت سے کراچی جانے والی مسافر بس (آزاد دشت کوچ)، جس میں مرد، خواتین اور بچوں سمیت 40 سے زائد مسافر سوار تھے، مخالف سمت سے آنے والے ایل پی جی باؤزر سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے فوری بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جس سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مرک 1122 اورماڑہ اور مرک 1122 پسنی کی ریسکیو ٹیمیں 35 منٹ کے رسپانس ٹائم میں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، جہاں پاک بحریہ کے ریسکیو دستوں، فائر فائٹرز، ایدھی فاؤنڈیشن اور دیگر فلاحی اداروں نے مشترکہ طور پر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ پاک نیوی کے ہسپتال پی این ایس درمان جاہ کی انتظامیہ نے بھی فوری طور پر ایمبولینسز اور طبی عملہ جائے حادثہ پر روانہ کیا۔ مشترکہ امدادی کارروائیوں کے دوران آگ پر قابو پالیا گیا اور تمام متاثرین کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 33 مسافروں میں سے 27 کو پی این ایس درمان جاہ ہسپتال اورماڑہ، جبکہ 6 زخمیوں کو پسنی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز اور طبی عملہ انہیں ہنگامی طبی امداد فراہم کر رہا ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 11 افراد میں سے 8 میتوں کو اورماڑہ ہسپتال جبکہ 3 میتوں کو مرک ایمبولینسز کے ذریعے منتقل کیا گیا۔ مرک 1122، پاکستان نیوی، ایدھی فاؤنڈیشن اور مقامی فلاحی اداروں کی مربوط کاوشوں سے ریسکیو آپریشن دوپہر 3 بج کر 20 منٹ پر مکمل کرلیا گیا، جس کے دوران بروقت کارروائی کرتے ہوئے متعدد قیمتی انسانی جانیں بچائی گئیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے