نومبر 21, 2026

ضلع لسبیلہ میں 160 مستحق کسانوں میں مویشی تقسیم، سیلاب متاثرہ خاندانوں کی معاشی بحالی کے لیے اقدام

0
ddsa

اوتھل(رپورٹ،غلام مرتضیٰ لاسی) یورپی یونین (EU) کے مالی تعاون سے جاری پوسٹ فلڈز لائیوسٹاک سپورٹ پراجیکٹ کے تحت ضلع لسبیلہ کی یونین کونسل پون اور کہنواری میں 160 مستحق کسانوں میں مویشی تقسیم کیے گئے۔ اس اقدام کا مقصد 2022 کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ذرائع معاش کی بحالی اور معاشی استحکام کو فروغ دینا ہے۔ منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں یونین کونسل پون کے 83 مستحق کسانوں میں مویشی تقسیم کیے گئے، جبکہ دوسرے مرحلے میں یونین کونسل کہنواری کے 77 کسانوں کو مویشی فراہم کیے گئے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 160 کسان اس پروگرام سے مستفید ہوئے۔ مویشیوں کی تقسیم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر اوتھل ڈاکٹر میر من کاکڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) لسبیلہ مشتاق احمد نے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مویشیوں کی تقسیم سے قبل تمام جانوروں کو قرنطینہ کے عمل سے گزارا گیا، ان کی ویکسینیشن کی گئی اور شناخت کے لیے ٹیگنگ بھی مکمل کی گئی، تاکہ جانوروں کی صحت اور مستحق کسانوں کو معیاری مویشیوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ پوسٹ فلڈز لائیوسٹاک سپورٹ پراجیکٹ کے تحت ضلع لسبیلہ کی 20 یونین کونسلوں میں مستحق خاندانوں کو مویشی فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے مویشیوں پر مبنی ذرائع آمدن کو بحال کرنا، ان کی معاشی حالت بہتر بنانا اور دیہی کمیونٹیز کو مستقبل کے معاشی و موسمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط بنانا ہے۔ یہ منصوبہ یورپی یونین (EU) کے مالی تعاون سے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے ذریعے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) کے زیرِ عمل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے