جشن آزادی کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم ان شہداء کو یاد رکھیں جنہوں نے ملک و قوم کے امن اور آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ
لسبیلہ۔ 13 اگست :جشن آزادی کے موقع پر شہداء پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی کے ہمراہ یادگار شہداء کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے یادگار پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے شہداء بلوچستان پولیس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی آزادی، امن و سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے پولیس اور تمام سیکیورٹی فورسز اور سویلین شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ شہداء نے اپنے خون سے مادر وطن کی حفاظت اور امن کے لیے ایک روشن مثال قائم کی۔ پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم ان شہداء کو یاد رکھیں جنہوں نے ملک و قوم کے امن اور آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں ہماری قومی ذمہ داریوں اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے شہداء ہمارے لیے باعث فخر ہیں، جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پولیس فورس اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک کی سلامتی کے لیے اپنی ذمہ داریاں اسی جذبے کے ساتھ ادا کرتی رہے گی انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پولیس افسران اور جوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں اور بلوچستان پولیس اپنے شہداء کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
