اکتوبر 6, 2026

حب میں بجلی بحران کے حل کے لیے کے الیکٹرک اور پیپلزپارٹی رہنماؤں کی اہم ملاقات

0
hub-bijli-masla

حب: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان، سابق صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری اور سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی جانب سے حب میں جاری بجلی کے شدید بحران کا معاملہ کے الیکٹرک حکام کے سامنے اٹھائے جانے کے بعد بجلی کی صورتحال میں بہتری کے لیے عملی پیش رفت شروع ہوگئی ہے۔

چند روز قبل میر علی حسن زہری اور سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) کے الیکٹرک سے ملاقات کی تھی، جس میں حب کے مختلف علاقوں اور فیڈرز پر طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، 24 گھنٹے تک بجلی کی بندش اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی تھی۔

ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی رہنماؤں نے حب کے عوام کو درپیش بجلی کے سنگین مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کے الیکٹرک حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ بجلی کی فراہمی میں فوری بہتری لائی جائے اور طویل لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

میر علی حسن زہری اور سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی درخواست پر کے الیکٹرک حکام نے مسئلے کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور حب میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات شروع کیے۔

اسی سلسلے میں آج کے الیکٹرک کی ٹیم نے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں سے اہم ملاقات کی۔ کے الیکٹرک کے وفد میں ڈپٹی منیجر ذیشان شریف، ڈپٹی منیجر ریاض کاظم مہر، ریکوری منیجر علی اکبر قریشی، منیجر انیل کمار اور منیر شام شامل تھے۔

ملاقات میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما میر اکبر زہری، ڈسٹرکٹ چیئرمین حب جاوید جمالی، حاجی ملوک بنگلزئی، میر علی حسن زہری کے پرسنل سیکرٹری و ترجمان منور علی خاصخیلی، میر اسحاق ریکی، سرفراز سومرو، ، سلیم، طارق،عبدالعزیز مینگل، عجب گل گرگنآڑی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

ملاقات کے دوران حب میں بجلی کی موجودہ صورتحال، مختلف فیڈرز پر طویل لوڈشیڈنگ، بجلی کی فراہمی میں بہتری، لائن لاسز اور شہریوں کو درپیش مشکلات سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کے الیکٹرک حکام نے پیپلزپارٹی رہنماؤں کو بجلی کی فراہمی بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ حکام کی جانب سے حب میں کم از کم چھ گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات شروع کرنے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

پیپلزپارٹی رہنماؤں نے کہا کہ حب کے عوام طویل اور غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں، اس لیے بجلی کی فراہمی میں بہتری اور لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی ناگزیر ہے۔ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کا فوری ازالہ پیپلزپارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ حب کے عوام کو درپیش بجلی کے مسائل کے حل کے لیے کے الیکٹرک اور پیپلزپارٹی کے نمائندگان کے درمیان مؤثر اور مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا اور بجلی کی فراہمی میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

پیپلزپارٹی رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ کے الیکٹرک کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں حب کے شہریوں کو بجلی کے بحران میں جلد ریلیف ملے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے