پاکستان کا فتح-2 ای آر میزائل کا کامیاب تجربہ، ہدف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت میں اضافہ
راولپنڈی: پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس بیلسٹک میزائل سسٹم ’فتح-2 ای آر‘ کا کامیاب تجربہ کر لیا، جسے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں مزید بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح-2 ای آر جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایویونکس ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے، جو اسے غیر معمولی درستگی کے ساتھ مقررہ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میزائل کے توسیع شدہ فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت سے پاک فوج کی آپریشنل رسائی میں اضافہ ہوگا، جبکہ دور دراز اور گہرائی میں موجود اہداف تک پہنچنے کی صلاحیت بھی مزید بہتر ہو گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے میزائل کی تیاری اور کامیاب تجربے میں حصہ لینے والے ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔
بیان کے مطابق صدر مملکت، وزیراعظم، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سروسز چیفس نے فتح-2 کے توسیع شدہ رینج والے ورژن کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔
اس کامیاب تجربے کو پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی میں پیش رفت اور دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
