اگست 18, 2026

کوئٹہ: دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عظیم الشان اجتماعِ دستارِ فضیلت و تقسیمِ اسناد، 217 حفاظ و طلبہ کرام کی دستاربندی

0
dawat islami

کوئٹہ: دعوتِ اسلامی کے شعبہ مدرسۃ المدینہ کے زیرِ اہتمام نوری نصیر خان کلچر سینٹوریم میں عظیم الشان اجتماعِ دستارِ فضیلت و تقسیمِ اسناد کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس روح پرور اجتماع میں عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجتماع میں علمائے کرام، ساداتِ کرام، معزز سماجی و سیاسی شخصیات، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، میڈیا نمائندگان اور صحافیوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔

اجتماع کے موقع پر سیکیورٹی کے مؤثر اور فول پروف انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ شرکاء کی سہولت کے لیے بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا گیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی اور حاضرین نے عقیدت و احترام کے ساتھ سماعت کی۔

اجتماع سے دعوتِ اسلامی کے مبلغ، استاد العلماء مولانا شہزاد رضا عطاری مدنی نے خصوصی سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے کہا کہ دعوتِ اسلامی گزشتہ کئی دہائیوں سے دنیا بھر میں قرآن و سنت کی تعلیمات عام کرنے، نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تربیت اور معاشرے کی اصلاح کے لیے گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ کریم کی تعلیم حاصل کرنا ہر مسلمان کے لیے باعثِ سعادت ہے، اور والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کو دینی تعلیم سے ضرور آراستہ کریں تاکہ ایک باکردار اور باعمل اسلامی معاشرہ تشکیل پا سکے۔

انہوں نے مدرسۃ المدینہ کے تعلیمی نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں ہزاروں بچے اور بچیاں قرآنِ پاک کی ناظرہ و حفظ کی تعلیم مفت حاصل کر رہے ہیں، جو دعوتِ اسلامی کی ایک عظیم دینی خدمت ہے۔

اجتماع کے دوران 217 طلبہ کرام، جنہوں نے حفظِ قرآنِ کریم اور ناظرہ قرآن مکمل کیا، ان کی دستار بندی کی گئی۔ اس موقع پر کنزالمدارس بورڈ کی جانب سے کامیاب طلبہ میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ دستاربندی کی روح پرور تقریب کے دوران والدین اور شرکاء نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کرام کی حوصلہ افزائی کی۔

اجتماع کے اختتام پر اجتماعی صلوٰۃ و سلام پیش کیا گیا، جبکہ ملکِ پاکستان کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد، ترقی و خوشحالی اور عالمِ اسلام کے امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاء نے اس کامیاب اور ایمان افروز اجتماع کے انعقاد پر دعوتِ اسلامی کے شعبہ مدرسۃ المدینہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے دینی تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے