لسبیلہ ڈویژن محترمہ سائرہ عطا کی زیر صدارت ضلع حب میں تعارفی و جائزہ اجلاس
حب3 اگست ۔کمشنر لسبیلہ ڈویژن محترمہ سائرہ عطا کی زیر صدارت ضلع حب میں تعارفی و جائزہ اجلاس، مختلف محکموں کی کارکردگی اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہکمشنر لسبیلہ ڈویژن محترمہ سائرہ عطا نے ضلع حب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے لیڈا (LIEDA) کانفرنس ہال میں تعارفی و جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمع داد خان مندوخیل، ایس پی حب مرزا بلال حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلع کے تمام سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس کے آغاز میں ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمع داد خان مندوخیل نے کمشنر لسبیلہ ڈویژن کو ضلع حب کے انتظامی ڈھانچے، ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت، بلدیاتی خدمات، ریونیو، صنعت، پانی کی فراہمی، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم شعبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، حکومتی اقدامات اور عوامی فلاح و بہبود کے مختلف پروگراموں سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر ایس پی حب مرزا بلال حسین نے ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام، پولیس کی کارکردگی، حساس تنصیبات کی سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔بعدازاں مختلف محکموں کے سربراہان نے اپنے اپنے اداروں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی و فلاحی منصوبوں، عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات، درپیش مسائل، چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ اجلاس میں بین المحکمہ جاتی ہم آہنگی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے موثر اور فوری حل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔کمشنر لسبیلہ ڈویژن محترمہ سائرہ عطا نے مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی جائے، سرکاری وسائل کے شفاف اور موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے اور تمام محکمے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے، لہٰذا تمام محکمے اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لاتے ہوئے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائیں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع حب میں ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے، امن و امان کی صورتحال کو مستحکم بنانے اور عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے، مکمل تعاون اور مربوط حکمت عملی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
