وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سوئی میں ترقیاتی منصوبوں اور محکموں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس
سوئی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سوئی میں ترقیاتی منصوبوں اور مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، تعلیم، صحت اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرکے انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات بروقت حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے گوپت واٹر سپلائی اسکیم کو یکم اپریل 2027 تک مکمل کرنے اور سوئی میں نئے گرلز ہائی اسکول کے قیام کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سوئی رنگ روڈ کے اطراف شجرکاری اور جنگلات کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی بہتری اور سرسبز ماحول کے قیام کے لیے شجرکاری کو فروغ دیا جائے۔
صحت کے شعبے سے متعلق وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے انڈس ہسپتال سوئی کو ایمبولینس اور اضافی طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پولیو کے مکمل تدارک کے لیے مؤثر نگرانی اور حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔
وزیراعلیٰ نے دور دراز علاقوں میں لیبر رومز کو فعال بنانے اور معمول کی زچگی کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے تمام اسکولوں کے کھلے ہونے اور اساتذہ سمیت محکمہ صحت کے عملے کی حاضری میں بہتری پر ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے کے لوگوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔
