اکتوبر 6, 2026

میر کلمتی انٹر ایجوکیشنل اسکول اسپورٹس فیسٹیول 2026 کے چھٹے اور ساتویں روز بھی مختلف کھیلوں کے مقابلے بھرپور جوش و خروش سے جاری رہے

0
gwader-news

گوادر13 ستمبر :حکومتِ بلوچستان کی کھیل دوست پالیسی، نوجوانوں کو صحت مند و مثبت سرگرمیوں کے مواقع کی فراہمی اور کھیلوں کے ذریعے طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے عزم کے تحت میر ارشد کلمتی کے زیرِ اہتمام اور میر عبدالغفور کلمتی فٹبال اکیڈمی کے تعاون سے جاری میر کلمتی انٹر ایجوکیشنل اسکول اسپورٹس فیسٹیول 2026 کے چھٹے اور ساتویں روز بھی مختلف کھیلوں کے مقابلے بھرپور جوش و خروش سے جاری رہے۔فیسٹیول کے چھٹے روز سورگ دل فٹبال اسٹیڈیم گوادر میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول گھٹی ڈھور گوادر اور دارالعلوم پبلک اسکول گوادر کے درمیان دلچسپ فٹبال مقابلہ کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل اور بھرپور جذبے کا مظاہرہ کیا، تاہم دارالعلوم پبلک اسکول نے فیصلہ کن گول اسکور کرتے ہوئے مقابلہ 1-0 سے اپنے نام کرلیا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی پرنسپل دارالعلوم پبلک سیکنڈری اسکول گوادر قاسم بلوچ سمیت اسپورٹس فیسٹیول کمیٹی کے ارکان، اساتذہ اور دیگر معززین موجود تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور فیسٹیول کے انعقاد کو سراہا۔ میچ میں شاہ زمان نے ریفری جبکہ واحد حاجی اور انیس کریم نے اسسٹنٹ ریفریز کے فرائض انجام دیے فی کے ساتویں روز گرلز ایونٹ میں کرکٹ کے دو سنسنی خیز سیمی فائنل کھیلے گئے۔ پہلے سیمی فائنل میں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول گوادر نے بحریہ ماڈل کالج گوادر کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں گوادر گرائمر اسکول نے نیوٹاؤن گرائمر اسکول کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ دونوں فاتح ٹیمیں پیر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی ساتویں روز کی مہمانانِ خصوصی گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول گوادر کی سینئر ٹیچر میڈم فہمیدہ بشیر اور ڈاکٹر فیروزہ اصغر تھیں۔ اس موقع پر اسپورٹس فیسٹیول کمیٹی کی خواتین اراکین اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ مہمانانِ خصوصی نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کو کھیلوں سمیت مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا خوش آئند اقدام ہے، جس سے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنے میں مدد ملتی ہے میر کلمتی انٹر ایجوکیشنل اسکول اسپورٹس فیسٹیول حکومتِ بلوچستان کی کھیل دوست پالیسی کے عملی فروغ کی ایک مثبت مثال ہے، جس کا مقصد نوجوان نسل میں صحت مند مسابقت، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور کھیلوں کا جذبہ پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ طالبات کو بھی کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے فیسٹیول کے انعقاد میں محکمہ تعلیم گوادر، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن گوادر اور محکمہ کھیل گوادر کا تعاون حاصل ہے,

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے