جولائی 7, 2026

افغانستان کرکٹ کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولرانتقال کر گئے

0
afhani player passad away

کابل (7 جولائی 2026):
افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر شاپور زدران 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ان کے انتقال کی باقاعدہ تصدیق افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کی گئی ہے۔ بورڈ کے مطابق شاپور زدران طویل عرصے سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے اور بھارت کے ایک مقامی اسپتال میں زیرِ علاج تھے، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

ان کی علالت کے دوران افغانستان کے متعدد کرکٹرز نے بھارتی اسپتال میں ان کی عیادت بھی کی، مگر بیماری کے باعث وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹر کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ شاپور زدران کی نمازِ جنازہ اور تدفین سے متعلق تفصیلات اہلِ خانہ کی مشاورت کے بعد بعد میں جاری کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ شاپور زدران کا شمار افغانستان کرکٹ کے ابتدائی اور بانی کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے افغان کرکٹ کو عالمی سطح پر متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کیا اور اپنی جارحانہ فاسٹ بولنگ کے ذریعے ٹیم کو کئی یادگار کامیابیاں دلوائیں۔

شاپور زدران نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 44 ون ڈے انٹرنیشنل اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں افغانستان کی نمائندگی کی، جہاں ان کی شاندار کارکردگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے