جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو 176 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز جیت لی
جنوبی افریقا نے فیصلہ کن ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 176 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم 288 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم محض 111 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے صرف چار بلے باز ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے۔ نیتھن لیون 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کیمرون گرین نے 27، ٹریوس ہیڈ نے 14 اور کپتان پیٹ کمنز نے 11 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے سائمن ہارمر نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کگیسو ربادا نے تین وکٹیں حاصل کرکے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔
اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 387 رنز اسکور کرکے آسٹریلیا کو مشکل ہدف دیا تھا۔ ریان ریکلٹن نے 101 رنز کی سنچری بنائی، جبکہ ویان ملڈر نے 115 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے تین اور پیٹ کمنز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 429 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 329 رنز بنا سکی۔ تاہم دوسری اننگز میں عمدہ بیٹنگ اور فیصلہ کن بولنگ کی بدولت جنوبی افریقا نے میچ کے ساتھ ٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔
