اکتوبر 6, 2026

میر علی حسن زہری کی ہدایت پر منور علی خاصخیلی کا موندرہ یکجہتی کونسل کے دفتر کا دورہ، بنیادی مسائل کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی

0
munawar-khaskhaily-

حب: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان میر علی حسن زہری کی ہدایت پر ان کے ترجمان و پرسنل سیکرٹری منور علی خاصخیلی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ موندرہ یکجہتی کونسل پاکستان (رجسٹرڈ) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کونسل کے ذمہ داران اور عمائدین سے ملاقات کی۔

اس موقع پر موندرہ یکجہتی کونسل پاکستان کی سپریم کونسل و بزرگ کمیٹی کے چیئرمین حاجی نواز علی موندرہ، کونسل کے ترجمان صابر اعجاز موندرہ، حاجی مشتاق موندرہ، سراج سلیم موندرہ، فیصل موندرہ، عمیر موندرہ، برکت علی موندرہ، عمران موندرہ، برہان موندرہ اور دیگر نوجوان و ذمہ داران موجود تھے۔

ملاقات کے دوران موندرہ یکجہتی کونسل کے ترجمان صابر اعجاز موندرہ اور دیگر ذمہ داران نے موندرہ قوم کے مختلف گوٹھوں کو درپیش بنیادی مسائل سے منور علی خاصخیلی کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

کونسل کے ذمہ داران نے ناکہ کھارڑی موندرہ گوٹھ، حاجی مراد گوٹھ، بھرو گوٹھ، موضع رکھال، سیتا، میڑا، جرار سمیت مختلف علاقوں میں پینے کے صاف پانی، بجلی، تعلیم، صحت، سڑکوں، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی سے متعلق مسائل پیش کیے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ مذکورہ مختلف گوٹھوں میں موندرہ قوم کی بڑی تعداد آباد ہے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی عوام کی اہم ضرورت ہے۔ ذمہ داران نے ان علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے آغاز اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔

منور علی خاصخیلی نے موندرہ یکجہتی کونسل کے ذمہ داران کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو غور سے سنا اور کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر آواز اٹھائی جائے گی اور دستیاب وسائل کے مطابق ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے سولر بور، گوٹھوں کے اسکولوں کے لیے سولر سسٹمز، اسٹریٹ لائٹس، کمیونٹی ہال، طبی سہولیات کے لیے ہیلتھ سینٹرز اور بلیک ٹاپ سڑکوں سمیت دیگر ترقیاتی ضروریات کو متعلقہ سطح پر اجاگر کیا جائے گا تاکہ ان منصوبوں پر عملی پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔

منور علی خاصخیلی نے کہا کہ میر علی حسن زہری نے انہیں خصوصی ہدایت دی ہے کہ موندرہ یکجہتی کونسل کے ذمہ داران سے ملاقات کرکے علاقے کے مسائل معلوم کیے جائیں اور عوامی نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی رابطہ، مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے متعلقہ اداروں تک آواز پہنچانا اس عمل کا اہم حصہ ہے، جبکہ موندرہ قوم کے مختلف گوٹھوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی پیش رفت کی کوشش کی جائے گی۔

اس موقع پر صابر اعجاز موندرہ نے کہا کہ موندرہ یکجہتی کونسل کے ذمہ داران نے ہمیشہ علاقے کے عوام کے بنیادی مسائل کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے میر علی حسن زہری کی جانب سے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ حب اور گردونواح میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے ساتھ موندرہ قوم کے مختلف گوٹھوں میں بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جائے تو اس سے مقامی آبادی کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

ملاقات کے دوران موندرہ قوم کے مختلف گوٹھوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، پینے کے پانی، تعلیم، صحت، سڑکوں، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

موندرہ یکجہتی کونسل کے ذمہ داران نے عوامی مسائل کے حل کے لیے رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ منور علی خاصخیلی نے یقین دہانی کرائی کہ پیش کیے گئے مسائل کو متعلقہ سطح پر اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے