پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کی نومنتخب قیادت کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ
پولٹری صنعت کے مسائل کے حل، ٹیکسوں میں کمی اور صنعت کی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق
کراچی: سندھ بلوچستان پولٹری فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر، رکن سندھ اسمبلی اور صوبائی وزیر محمد سلیم بلوچ کی جانب سے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے نومنتخب مرکزی چیئرمین چوہدری محمد اشرف، سدرن ریجن کے وائس چیئرمین محمد جاوید اسلم اور مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کے اعزاز میں رامدا پلازہ ہوٹل کراچی میں پروقار استقبالیہ اور عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں پولٹری صنعت کی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض جنرل سیکریٹری طارق عزیز نے انجام دیے۔
مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن غلام محمد نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے صنعت کی ترقی کے لیے دو اہم تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے تقریباً 40 فیصد ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی کے لیے مرکزی سطح پر بااختیار ٹیکس کمیٹی کی تشکیل اور حکومتی اداروں سے مؤثر مذاکرات کے لیے ماہر نمائندے کی تقرری پر زور دیا۔ انہوں نے مرغی کے گوشت کی کھپت بڑھانے اور صارفین میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ملک گیر مہم شروع کرنے کی تجویز بھی دی۔
سابق سدرن ریجن وائس چیئرمین لال بخش کولاچی نے صنعت کے کاروباری حجم اور گزشتہ دو برسوں کی کارکردگی پر روشنی ڈالی، جبکہ ڈاکٹر ظفر الاسلام صدیقی، سابق سینئر وائس چیئرمین غلام خالق اور نومنتخب وائس چیئرمین محمد جاوید اسلم نے پولٹری صنعت کو درپیش مسائل کے حل اور ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
نومنتخب مرکزی چیئرمین چوہدری محمد اشرف نے پیش کردہ تجاویز کو سراہتے ہوئے ٹیکسوں میں کمی، مستند پیداواری ڈیٹا کی تیاری اور صارفین میں آگاہی کے لیے بھرپور اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ٹیکس ماہرین کی خدمات حاصل کرنے اور صنعت کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے مرکزی سطح پر میڈیا ترجمان مقرر کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
تقریب کے میزبان محمد سلیم بلوچ نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے صوبہ سندھ کی پولٹری صنعت کا جامع ڈیٹا مرتب کرنے اور مرغی کے گوشت کی کھپت بڑھانے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے حکومتی سطح پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پولٹری ایکٹ متعارف کرانے کی کوششیں جاری ہیں، تاکہ صنعت کو ایک منظم قانونی و انتظامی نظام کے تحت ترقی دی جاسکے۔
تقریب میں دونوں ایسوسی ایشنز نے پولٹری صنعت کی ترقی، فارمرز کے مفادات کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اختتام پر محمد سلیم بلوچ کی جانب سے معزز مہمانوں کو سندھ کی ثقافتی سوغات اجرک پیش کی گئیں اور شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا
