مشتاق خان کی آخری رسومات میں بڑے بالی ووڈ ستاروں کی عدم شرکت، رضا مراد برہم
ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اداکار مشتاق خان کے انتقال کے بعد ان کی آخری رسومات میں فلم انڈسٹری کے بڑے ناموں کی عدم شرکت پر اداکار رضا مراد نے افسوس اور ناراضی کا اظہار کیا ہے۔مشتاق خان 24 ستمبر کو کینسر کے باعث اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات 25 ستمبر کو ممبئی میں ادا کی گئیں، جہاں فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے چند فنکاروں نے شرکت کی۔رضا مراد نے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں مشتاق خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات افسوسناک ہے کہ انڈسٹری کے زیادہ تر بڑے اداکار اپنے ساتھی فنکار کو آخری خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے وہاں موجود نہیں تھے۔ان کا کہنا تھا کہ مشتاق خان نے اپنی زندگی کے تقریباً 50 برس فلمی صنعت کو دیے، لیکن ان کی آخری رسومات میں بالی ووڈ کے بڑے ستاروں میں سے کسی کی موجودگی نظر نہیں آئی۔ رضا مراد کے مطابق چند ساتھی اداکار اور قریبی فنکار ضرور جنازے میں شریک ہوئے، تاہم انڈسٹری کے نمایاں چہرے غائب رہے۔اداکار نے اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب کسی بڑے کاروباری شخص کے بیٹے کی شادی ہو تو کئی مشہور شخصیات وہاں شرکت کے لیے وقت نکال لیتی ہیں، لیکن ایک ایسے فنکار کی آخری رسومات کے لیے وقت نہیں نکالا گیا جس نے اپنی نصف صدی فلمی دنیا کے نام کردی۔رضا مراد نے کسی مخصوص اداکار یا اداکارہ کا نام لیے بغیر کہا کہ انسان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ دولت اور شہرت ہمیشہ ساتھ نہیں رہتیں، اصل اہمیت انسانی رشتوں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے کی ہے۔واضح رہے کہ مشتاق خان کی آخری رسومات میں انو کپور، گجیندر چوہان، رجت بیدی، جیا بھٹاچاریہ اور راج پال یادو سمیت چند فنکاروں نے شرکت کی تھی۔
