اکتوبر 6, 2026

مائنز اینڈ منرل ایکٹ پر عملدرآمد، کمشنر لسبیلہ ڈویژن کی زیرصدارت اجلاس

0
saira-atta

حب: کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء کی زیرصدارت مائنز اینڈ منرل ایکٹ پر عملدرآمد، معدنی وسائل کے فروغ اور ریونیو کلیکشن کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ مائنز اینڈ منرل کے ڈائریکٹر مائنز ابراہیم بازی نے کمشنر لسبیلہ ڈویژن کو محکمانہ امور، معدنی وسائل کی صورتحال، لائسنسنگ، کرایہ و رائلٹی کی وصولی، پیداوار اور معدنی شعبے کی ترقی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ لسبیلہ ڈویژن قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال خطہ ہے، جہاں تانبا، سیسہ، زنک، ماربل اسٹون سمیت دیگر قیمتی معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ محکمہ مائنز اینڈ منرل معدنی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے لیے ریونیو کلیکشن میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ لسبیلہ ڈویژن سے سالانہ تقریباً 4823.29 ملین روپے رائلٹی کی مد میں ریونیو حاصل ہوتا ہے۔

ڈائریکٹر مائنز ابراہیم بازی نے بتایا کہ معدنیات کے شعبے میں لائسنسنگ، کرایہ اور رائلٹی کی وصولی، پیداوار اور ترقی کی نگرانی ڈائریکٹوریٹ آف مائننگ کی ذمہ داری ہے، جبکہ ضلع آواران میں تاحال جیالوجیکل سروے نہیں کیا گیا۔

اس موقع پر کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت صوبے کے معدنی وسائل کے فروغ اور انہیں ملکی معیشت کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے انتظامیہ اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ معدنی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے محکمہ مائنز اینڈ منرل کو مزید مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

کمشنر نے محکمہ مائنز اینڈ منرل کے افسران کو منرل مائننگ ایکٹ 2025 پر عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی طریقے سے کرش پلانٹس چلانے اور غیررجسٹرڈ مائننگ فرمز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

انہوں نے بغیر رائلٹی کے معدنیات استعمال کرنے والے این ایچ اے کنٹریکٹرز کو بھی نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایکسپلوزیو ڈیپارٹمنٹ کے افسر کی جائے تعیناتی سے غیرحاضری کا بھی نوٹس لیا گیا، جبکہ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ضابطے کے مطابق ڈسپلنری ایکشن لینے کے احکامات جاری کیے۔

کمشنر سائرہ عطاء نے محکمہ مائنز کے افسران پر زور دیا کہ معدنی وسائل کے تحفظ کے ساتھ پائیدار، محفوظ اور مؤثر کان کنی کے طریقوں کو ترجیح دی جائے تاکہ صوبے کے معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ملکی و صوبائی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے