ستمبر 2, 2026

آزاد کشمیر کے عوام سے کیے وعدے پورے کرنے کا وقت آگیا، نواز شریف

0
nawaz-shareef

لاہور: صدر مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف اور وزیراعظم میاں شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل اور ترقیاتی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی طارق فاروق بھی شریک تھے۔ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز نے افتخار گیلانی اور طارق فاروق کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے ساتھ شیئر کیا اور خطے کو جدید اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ہدایت کی۔

نواز شریف نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران آزاد کشمیر کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو اب عملی شکل دینے کا وقت ہے۔ انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو ہدایت کی کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے اور اصلاحاتی پروگرام کی پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو معیاری صحت اور تعلیم، بہتر سڑکوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کی سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔ ترقی کے ثمرات صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں تک بھی پہنچنے چاہئیں۔

میاں نواز شریف نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام میں ایسے اقدامات شامل کیے جائیں جن کا براہ راست فائدہ عام شہریوں کو پہنچے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر حکومت کو وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کے لیے وفاق ہر ممکن وسائل اور تعاون فراہم کرے گا۔ صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی کے لیے وفاقی اور آزاد کشمیر حکومت کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے فوری حل پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے لیے روزگار، ہنرمندی اور معاشی مواقع بڑھانے کی جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کو 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے