ستمبر 2, 2026

تلہار 13 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کیس، ملزمان کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد فریادی فریق پر حملہ، 5 زخمی

0
matli-news

ماتلی: تلہار کے قریب گاؤں یوسف جویو میں 13 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزمان کی ضمانت بدین کی عدالت سے مسترد ہونے کے بعد فریادی فریق پر مبینہ حملے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔واقعے کے خلاف فریادی فریق یار محمد جویو، نیاز جویو اور محمد یونس جویو کی قیادت میں ایوان صحافت بدین کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 18 اگست کو ان کی 13 سالہ بچی اختر جویو کو ممتاز جویو، ظفر جویو اور عرس جویو نے مبینہ طور پر مراد جویو اور رفیق جویو کی بیٹھک پر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا جس کے خلاف تلہار تھانے میں مقدمہ درج کرایا گیا۔فریادی فریق کے مطابق عدالت نے مقدمے میں نامزد ملزمان کی ضمانت مسترد کردی جبکہ پولیس نے ایک ملزم عرس جویو کو گرفتار کیا۔ ان کا الزام ہے کہ بعد ازاں ابراہیم جویو، ایوب جویو اور عرض جویو کی مبینہ قیادت میں افراد شہزور گاڑی میں سوار ہوکر آئے اور فریادی فریق پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔مظاہرین کے مطابق زخمیوں میں حاجی صاحب جویو اور بچل جویو کی حالت تشویشناک ہے جنہیں مزید علاج کے لیے حیدرآباد منتقل کیا گیا ہے۔فریادی فریق نے الزام عائد کیا کہ مخالف فریق کی جانب سے مقدمے سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ ڈالنے کے ساتھ ساتھ مبینہ طور پر دھمکیاں دی جارہی ہیں اور جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے۔متاثرہ خاندان نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ حملے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے