ماتلی میں مرکزی میلاد کمیٹی کی جانب سے 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ مرکزی میلاد کمیٹی کے چیئرمین مولانا جان محمد جت ، آرگنائزر بلال تاج کمبوہ کی قیادت میں نور مسجد سے برآمد ہوا
ماتلی : ماتلی میں مرکزی میلاد کمیٹی کی جانب سے 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ مرکزی میلاد کمیٹی کے چیئرمین مولانا جان محمد جت ، آرگنائزر بلال تاج کمبوہ کی قیادت میں نور مسجد سے برآمد ہوا۔ مرکزی جلوس میں علماء کرام، میلاد کمیٹی کے عہدیداران، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں سمیت بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔ شرکاء نے درود و سلام اور نعتِ رسول مقبول ﷺ پڑھتے ہوئے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اللہ والا چوک، محمدی چوک سے گزر کر مرکزی مقام نوتکانی چوک پہنچا، جہاں جلوس اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر علماء کرام نے سیرت طیبہ ﷺ اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی جبکہ ملکی سلامتی، استحکام، امن و امان اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔جلوس کے راستوں پر شہریوں کی جانب سے مختلف مقامات پر شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی ماتلی کے چیئرمین حاجی رضوان احمد قائمخانی، وائس چیئرمین قاضی عبدالوہاب، اسسٹنٹ کمشنر ماتلی ڈاکٹر راشد علی چنا، مختیارکار ماتلی مصیب جونیجو، تاجر رہنماؤں راؤ مجاہد، غلام محی الدین کمبوہ اور دیگر شخصیات نے جلوس کے شرکاء کا استقبال کیا۔مختلف مقامات پر شرکاء میں لنگر اور شیرینی بھی تقسیم کی گئی۔جبکہ دوسری جانب میونسپل کمیٹی ماتلی کے چئیرمین حاجی رضوان احمد قائمخانی کی جانب سے ماتلی شہر کے مین بس اسٹاپ چوک پر رسول اللہ ﷺ کے نام سے ایک شاندار، خوبصورت اور دلکش لائٹنگ ٹاور نصب کیا گیا ہے۔12 ربیع الاول عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت دن مرکزی میلاد ریلی کے موقع پر لائٹنگ ٹاور کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا جبکہ مین بس اسٹاپ چوک کو ’’محمدی چوک‘‘ کے نام سے منسوب کر دیا گیا۔جلوس کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے ضروری انتظامات کیے گئے تھے۔
