انسپکٹوریٹ آف مائنز مچھ کے زیر اہتمام مائنز ورکرز کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں اضافے، حفاظتی اصولوں پر موثر عملدرآمد اور کان کنی کے دوران حادثات کی روک تھام کے لیے ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد
مچھ، 19 اگست۔: انسپکٹوریٹ آف مائنز مچھ کے زیر اہتمام مائنز ورکرز کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں اضافے، حفاظتی اصولوں پر موثر عملدرآمد اور کان کنی کے دوران حادثات کی روک تھام کے لیے ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر انسپکٹر آف مائنز مچھ قربان علی عمرانی، الیکٹرک انسپکٹر آف مائنز مچھ عارف حسین اور جونیئر انسپکٹر آف مائنز مچھ محمد اسامہ نے کان کنوں کو کان کنی کے دوران حفاظتی تدابیر، مشینری اور برقی آلات کے محفوظ استعمال، ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے اور حادثات سے بچاو کے حوالے سے تفصیلی تربیت فراہم کی۔ تربیتی سیشن کے دوران ماہرین نے اس امر پر زور دیا کہ کان کنی کے دوران حفاظتی قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی انسانی جانوں کے تحفظ اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے۔ اس موقع پر کان کنوں کو عملی احتیاطی تدابیر اور کام کے دوران درپیش ممکنہ خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کو اپنی روزمرہ پیشہ ورانہ سرگرمیوں کا لازمی حصہ بنانے پر زور دیا گیا۔ تربیتی پروگرام میں مائنز ورکرز نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف امور سے متعلق سوالات بھی کیے۔
