گورنر بلوچستان کا ہیوسٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب، ملکی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہا
ہیوسٹن: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ وطن سے ہزاروں میل دور رہنے کے باوجود پاکستانیوں کے دلوں میں پاکستان کی محبت اور جذبہ حب الوطنی آج بھی اسی طرح زندہ ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی نہ صرف اپنی محنت اور کامیابیوں سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
تقریب میں بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی کاروباری شخصیات تنویر احمد، طاہر بھٹی، ڈاکٹر آصف قدیر اور میکسم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عذیر حسن سمیت پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جعفر خان مندوخیل نے اپنے دورہ امریکہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں یوتھ انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے زیر اہتمام "یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ” میں شرکت کے لیے آئے، جہاں پاکستان کے نوجوانوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں عالمی سطح پر پیش کیا گیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان کے نوجوانوں کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کے مثبت نتائج مستقبل قریب میں سامنے آئیں گے۔
گورنر بلوچستان نے ہیوسٹن میں بڑی تعداد میں پاکستانی کاروباری افراد اور تاجروں کی موجودگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنی محنت، صلاحیت اور کامیابیوں کے ذریعے نہ صرف اپنے خاندانوں بلکہ پاکستان کی معیشت کے لیے بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے نجی شعبے، مقامی سرمایہ کاروں اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اوورسیز پاکستانی ترسیلاتِ زر کے ذریعے ملکی معیشت کو سہارا دینے کے ساتھ ساتھ اپنی مہارت، تجربے، سرمایہ کاری اور عالمی کاروباری روابط سے بھی پاکستان کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہوسکتے ہیں۔
جعفر خان مندوخیل نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان بالخصوص بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار مزید بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے سرمایہ، تجربے اور کاروباری صلاحیتوں کو پاکستان کی پیداواری معیشت سے جوڑنے کے لیے استعمال کریں۔
گورنر بلوچستان نے بالخصوص امریکہ میں مقیم پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے تعاون کو پاکستان کے لیے انتہائی اہم قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اوورسیز پاکستانی دستیاب کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔
انہوں نے تقریب کے شرکاء اور منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن سے دور رہنے کے باوجود پاکستانیوں کے دلوں میں ملک کی محبت کا جذبہ برقرار رہنا قابلِ فخر ہے۔
پرتپاک استقبال اور عشائیہ
قبل ازیں ہیوسٹن کے سنڈی محل بینکوئٹ ہال پہنچنے پر پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے شاندار عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ گورنر بلوچستان نے تقریب میں شریک معزز مہمانوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کیا اور مختلف امور پر گفتگو کی۔
تقریب کے دوران شرکاء نے گورنر بلوچستان کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔ عشائیہ ایک خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان روابط، تعاون اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
