اگست 18, 2026

خضدار: میر یونس عزیز زہری کا جھالاوان ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ، بحال آپریشن تھیٹر کا افتتاح

0
Yunus-Aziz-Zehri-inaugurati

خضدار میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی و رکن صوبائی اسمبلی خضدار میر یونس عزیز زہری نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ جھالاوان ٹیچنگ ہسپتال خضدار کا تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کے دوران میر یونس عزیز زہری نے BSDI اقدام کے تحت بحال کیے گئے آپریشن تھیٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اس موقع پر دعائے خیر بھی کی۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، علاج معالجے کے انتظامات اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر کمشنر قلات ڈویژن قادر بخش پرکانی، ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی، ایس ایس پی خضدار دوستین دشتی، چیف آفیسر وڈیرہ محمد صالح جاموٹ، ایکسین بلڈنگ سلیم عمرانی، ایکسین پی ایچ ای عبدالروف قمبرانی، ایکسین ایریگیشن سعید مصطفیٰ، آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین بشیر احمد جتک، ایم ایس جھالاوان ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر شبیر احمد مینگل، ڈی ایچ او خضدار، انجینئر نیاز زہری اور انجینئر یونس رمضان موسیانی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

میر یونس عزیز زہری اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے ہسپتال کے مختلف شعبوں میں تعینات عملے سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے طبی عملے کی خدمات اور کوششوں کو سراہتے ہوئے ہسپتال میں مزید بہتری کے لیے ضروری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ایم ایس جھالاوان ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر شبیر احمد مینگل نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبوں، طبی سہولیات، مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے میر یونس عزیز زہری، کمشنر قلات ڈویژن قادر بخش پرکانی اور ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کو تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ خضدار کے عوام کو صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری اداروں کو مزید فعال اور مؤثر بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جھالاوان ٹیچنگ ہسپتال میں موجود سہولیات کو بہتر بنانے اور شہریوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

میر یونس عزیز زہری نے ہسپتال کے چلڈرن وارڈ کا بھی دورہ کیا اور بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں زیر تعمیر اور نئے بننے والے دیگر منصوبوں پر جاری کام کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

دورے کے اختتام پر میر یونس عزیز زہری نے ضلعی انتظامیہ اور ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے عوامی خدمت، طبی سہولیات میں بہتری اور ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے