ملک بھر کی طرح گوادر میں بھی پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے، قومی یکجہتی اور وطن سے والہانہ محبت کے عزم کے ساتھ منایا گیا
اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ گوادر کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی موجودگی میں ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے چاق و چوبند پولیس دستے کے ہمراہ قومی پرچم سربلند کیا۔
قومی ترانے کی گونج میں پولیس کے دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی، جبکہ تقریب کے شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ قومی پرچم کی سربلندی کے موقع پر شرکاء نے بھرپور حب الوطنی اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔
تقریب میں ڈی آئی جی پولیس عمران قریشی، ایس ایس پی گوادر عطاالرحمان خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہور احمد بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، اسسٹنٹ کمشنر گوادر رومیل نعیم جان، اسسٹنٹ کمشنر جیوانی طارق امام بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری، اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور برکت سمیت ضلعی محکموں کے افسران اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے آزاد وطن کے حصول کے لیے دیں۔ پاکستان کی آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جس کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے تمام علاقوں کی پائیدار ترقی ہی ایک مضبوط، خوشحال اور مستحکم پاکستان کی بنیاد ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصول اتحاد، ایمان اور تنظیم کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے ملک میں امن، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کی جائیں گی۔
شریف ابراہیم نمائندہ گوادر
