اگست 19, 2026

تھائی لینڈ کے تعلیمی ادارے میں خونریز فائرنگ، 9 افراد جان سے گئے، متعدد زخمی

0
Thailand-School-Shooting-Le

تھائی لینڈ کے ایک تعلیمی ادارے میں پیش آنے والے افسوسناک فائرنگ کے واقعے میں 9 افراد ہلاک جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق افراد میں اساتذہ اور طلبہ شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق فائرنگ کرنے والا نوجوان اسی تعلیمی ادارے کا طالب علم تھا، جس نے حملے کے بعد خود بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کچھ دیر تک سکول کی عمارت کے اندر موجود رہا، جس کے بعد پولیس، امدادی ٹیمیں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

تحقیقات کے دوران یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ حملہ آور نے سکول جانے سے قبل اپنے دادا اور دادی کو بھی قتل کیا تھا، جس کے بعد اس نے سکول میں اندھا دھند فائرنگ کی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کم از کم پانچ اساتذہ بھی شامل ہیں۔

واقعے کے بعد زخمی افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تاحال حملہ آور کے محرکات یا ذہنی کیفیت کے حوالے سے حکام کی جانب سے کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں بھی جنوبی تھائی لینڈ کے ہاٹ یائی ضلع میں ایک سکول پر فائرنگ کے واقعے میں ایک استاد جاں بحق جبکہ ایک طالب علم زخمی ہوا تھا، جس کے بعد تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے