اگست 18, 2026

ماتلی: محکمہ آبپاشی کے خلاف آبادگاروں اور پیپلز پارٹی کارکنوں کا دھرنا

0
matli protest

ماتلی: ماتلی میں حیدرآباد۔بدین بائی پاس پر آبادگاروں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے محکمہ آبپاشی کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا، جس کے باعث شاہراہ پر ٹریفک ایک گھنٹے سے معطل رہی۔

دھرنے کے دوران دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جبکہ مسافروں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرین کی قیادت کرنے والے غلام محی الدین کمبوہ نے الزام عائد کیا کہ محکمہ آبپاشی پولیس کی مدد سے ان کے جائز واٹر کورسز کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی ان کی زرعی زمینوں پر پولیس کی معاونت سے آپریشن جاری ہے۔

غلام محی الدین کمبوہ نے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے اور کارکن ہیں، تاہم اس کے باوجود آبادگاروں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مبینہ طور پر نااہل ایس ڈی او کو فوری طور پر معطل کیا جائے، جائز واٹروں کورسز کے خلاف جاری آپریشن فوری بند کیا جائے، محکمہ آبپاشی کا روٹیشن پلان ختم کیا جائے اور آبادگاروں کے جائز حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے۔

احتجاج کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کی کوششیں بھی جاری رہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے