ضلع لسبیلہ میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر اوتھل میڈیکل سینٹر اینڈ میٹرنٹی ہوم میں دیوی بائی خوشحال داس دیوانی ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے فری جنرل سرجیکل کیمپ منعقد کیا گیا۔
کیمپ کا افتتاح چیئرمین ضلع کونسل لسبیلہ و چیف ٹرائبل سردار غلام فاروق شیخ نے فیتہ کاٹ کر کیا۔افتتاحی تقریب میں چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی، اوتھل میڈیکل سینٹر اینڈ میٹرنٹی ہوم کے سربراہ ڈاکٹر تولا رام لاسی، اوتھل پریس کلب کے صدر محمد عمر لاسی، محمد شریف خاصخیلی، محمد ایوب لنگاہ سمیت سماجی و سیاسی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ڈاکٹر تولا رام لاسی نے تقریب کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیمپ میں معروف جنرل سرجن ڈاکٹر منظور احمد (MBBS, FCPS) مریضوں کو مفت طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہرنیا، گلٹی یا رسولی، لیپوما، جسم پر سوجن، ناخن کا گوشت بڑھنے اور دیگر جنرل سرجیکل امراض میں مبتلا مریضوں کا مفت معائنہ، طبی مشاورت اور ضرورت کے مطابق آپریشن کے لیے انتخاب کیا جا رہا ہے۔ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل لسبیلہ سردار غلام فاروق شیخ نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے غریب افراد کے لیے ایسے فری میڈیکل کیمپ انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر تولا رام لاسی اور ان کی ٹیم عوامی خدمت کی بہترین مثال قائم کر رہی ہے، جسے سراہا جانا چاہیے۔چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی نے کہا کہ اوتھل میں جنرل سرجری کی سہولت دستیاب ہونے سے عوام کو کراچی اور دیگر شہروں کے غیر ضروری سفر، اضافی اخراجات اور مشکلات سے کافی حد تک نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر علاج کی سہولت عوام کے لیے ایک بڑی آسانی ہے۔ڈاکٹر تولا رام لاسی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ادارے کا مقصد صرف مریضوں کا علاج کرنا نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو مریض مالی طور پر انتہائی کمزور ہیں اور علاج یا آپریشن کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے، ان کے لیے اوتھل میڈیکل سینٹر میں مکمل طور پر مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اوتھل میڈیکل سینٹر اینڈ میٹرنٹی ہوم کو جلد از جلد صحت کارڈ (ہیلتھ کارڈ) پروگرام میں شامل کیا جائے تاکہ لسبیلہ کے ہزاروں مستحق مریض اپنے ہی شہر میں مفت اور معیاری علاج اور آپریشن کی سہولت حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل لسبیلہ سردار غلام فاروق شیخ، سید سومار شاہ کاظمی اور محمد عمر لاسی نے وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی اور رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ زرین خان مگسی سے مطالبہ کیا کہ اوتھل میڈیکل سینٹر کو صحت کارڈ پروگرام کا حصہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ضلع لسبیلہ کے عوام کو نہ صرف علاج کی بہتر سہولت میسر آئے گی بلکہ انہیں بڑے شہروں میں علاج کے لیے جانے کی دشواریوں اور بھاری اخراجات سے بھی نجات ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اس عوامی مطالبے پر مثبت پیش رفت کریں گے
