خصوصی ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع لسبیلہ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے ٹینڈر طلب
اوتھل: محکمہ تعمیرات و مواصلات (سی ڈبلیو پی پی اینڈ ایچ) ضلع لسبیلہ نے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو پروگرام (بی ایس ڈی آئی) فیز تھری کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے اہل ٹھیکیداروں اور فرموں سے سیل بند ٹینڈرز طلب کر لیے ہیں۔
جاری کردہ نوٹس کے مطابق منصوبوں میں اوتھل میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس (سابق فشریز بلڈنگ) کی بحالی اور تمام سرکاری دفاتر کو ایک ہی چھت تلے منتقل کرنے کا منصوبہ، تحصیل بیلا میں والپٹ پولیس چیک پوسٹ کی تعمیر، اوتھل میں جام یوسف لائبریری کی مرمت، ویمن بلاک کی تعمیر اور سولرائزیشن، نانی مندر آغور میں مرد و خواتین کے لیے ویٹنگ رومز اور سٹنگ ایریا کی تعمیر و بہتری، جبکہ آر ایچ سی لکھڑا میں مرمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔
ٹینڈر نوٹس کے مطابق منصوبوں کی تخمینہ لاگت تقریباً ایک کروڑ سے تین کروڑ روپے کے درمیان ہے۔ ہر منصوبے کے لیے دو ہزار روپے ٹینڈر فیس اور چار فیصد ارنسٹ منی جمع کرانا لازمی ہوگا، جبکہ تمام منصوبوں کی تکمیل کی مدت چھ ماہ مقرر کی گئی ہے۔
نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 اگست 2026 ہے۔ بعض منصوبوں کے لیے بولیاں صبح 11 بجے جبکہ دیگر کے لیے 11 بج کر 15 منٹ تک وصول کی جائیں گی۔ ٹینڈرز کا اجراء اسی روز دوپہر 12 بجے اور 12 بج کر 15 منٹ پر کیا جائے گا۔
محکمہ تعمیرات و مواصلات کے مطابق تمام خریداری بلوچستان پبلک پروکیورمنٹ رولز 2014 کے تحت سنگل اسٹیج، ٹو انویلپ بڈنگ پروسیجر کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔ ٹینڈر دستاویزات بی پی پی آر اے کی ویب سائٹ سے مفت ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں، جبکہ مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد ایگزیکٹو انجینئر (بلڈنگز)، سی ڈبلیو پی پی اینڈ ایچ ڈیپارٹمنٹ، ضلع لسبیلہ، اوتھل کے دفتر سے بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
