پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ سونا 900 روپے سستا ہوگیا
کئی روز تک اضافے کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے زیورات خریدنے کے خواہشمند افراد کو کچھ ریلیف ملا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 900 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 25 ہزار 36 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 771 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 64 ہزار 399 روپے پر آگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 9 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 26 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا براہِ راست اثر پاکستان میں سونے کی قیمتوں پر بھی پڑتا ہے، جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی نرخ تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ سونے کو روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے، خصوصاً افراطِ زر، معاشی غیر یقینی صورتحال اور سیاسی بے یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو ترجیح دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت مقرر کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بین الاقوامی ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی جاتی ہے، جس کا مقصد مقامی مارکیٹ کے عوامل کو بھی قیمت میں شامل کرنا ہے۔
