ڈپٹی کمشنر حب کی زیر صدارت ضلعی صحت کمیٹی کا اجلاس، غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی اور عطائیت کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت
حب: ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی (DHC) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حب، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ڈرگ انسپکٹر، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی، این اسٹاپ آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع حب کے سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کی کارکردگی، طبی عملے کی حاضری، ادویات کی فراہمی، غیر رجسٹرڈ میڈیکل اسٹورز اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی سمیت صحت عامہ سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر حب نے بی ای ایس ایس آئی ہسپتال حب کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ادویات صرف متعلقہ مریض یا اس کے قریبی خونی رشتہ داروں کو فراہم کی جائیں، جبکہ ہسپتال میں کسی تجویز کردہ دوا کی عدم دستیابی کی صورت میں مریض کے علاج کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے دوا باہر سے فراہم کرنے کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے ہسپتال میں تعینات عملے کی جسمانی تصدیق کرنے اور غیر حاضر یا دیگر مقامات پر منسلک ملازمین کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈرگ انسپکٹر کو غیر رجسٹرڈ میڈیکل اسٹورز اور بغیر لائسنس کام کرنے والے اداروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت کارروائی کرنے اور آئندہ اجلاس میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈرگ انسپکٹر کو عطائی ڈاکٹروں اور غیر مستند طبی پریکٹیشنرز کے خلاف مشترکہ کارروائیاں کرنے کا حکم دیا گیا۔ عوامی آگاہی کے لیے اخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی۔
ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی کی جانب سے پیش کردہ معائنہ رپورٹس میں غیر حاضر ڈاکٹروں کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حاضری کے مصدقہ ریکارڈ اور متعلقہ قواعد کے مطابق غیر حاضر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تنخواہوں سے کٹوتی کے لیے ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس سلسلے میں اے ڈی ایچ او حب کو مطلوبہ کارروائی مکمل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو جام غلام قادر سول ہسپتال حب کے لیے اضافی طبی آلات اور آکسیجن سلنڈرز کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی متاثر نہ ہو۔
اجلاس میں مختلف بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت میں مسلسل غیر حاضری اور ملازمین کے خلاف موصول ہونے والی رپورٹس کی روشنی میں محکمانہ کارروائی شروع کرنے، شوکاز نوٹس جاری کرنے اور متعلقہ ملازمین کو ذاتی شنوائی کا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر حب نے تمام متعلقہ افسران پر زور دیا کہ صحت کے شعبے میں نظم و ضبط، عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عطائیت، غیر قانونی میڈیکل اسٹورز اور فرائض میں غفلت کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے اور تمام فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کرتے ہوئے تعمیلی رپورٹس پیش کی جائیں
