نومبر 1, 2026

سرکاری امور میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ اور بروقت فیصلوں کو یقینی بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے.وزیر اعلیٰ بلوچستان

0
cm-balochistan-

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سروس ڈیلیوری میں بہتری سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے سرکاری محکموں میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل اور سرکاری امور کو جدید نظام پر منتقل کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ کے نفاذ کے بعد ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز نمٹائی جا چکی ہیں، جبکہ اب سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 10 سرکاری محکموں کی سمریز کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا آغاز کیا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن سے سرکاری امور کی انجام دہی میں تیزی آئے گی اور فیصلہ سازی کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ سرکاری امور کو جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے اور تمام متعلقہ محکمے اس سلسلے میں مؤثر معاونت یقینی بنائیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری امور میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ اور بروقت فیصلوں کو یقینی بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرکاری کاموں میں شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ عوام کو بہتر اور بروقت سرکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ حکومتی کارکردگی میں بہتری کے لیے روایتی طریقہ کار کی جگہ مؤثر ڈیجیٹل نظام اپنانا ہوگا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل اصلاحات کے عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے تاکہ سرکاری امور میں آسانی، تیز رفتار فیصلہ سازی اور عوامی سہولت کے بنیادی مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے