وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ثقافت و سیاحت نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی کی خصوصی ہدایات پر محکمہ ثقافت و سیاحت حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کی مناسبت سے ”ڈرامہ فیسٹیول 2026“ منعقد کیا جائے گا
کوئٹہ 14 اکتوبر ۔..کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ثقافت و سیاحت نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی کی خصوصی ہدایات پر محکمہ ثقافت و سیاحت حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کی مناسبت سے ”ڈرامہ فیسٹیول 2026“ منعقد کیا جائے گا۔فیسٹیول 19 اکتوبر سے 9 نومبر 2026 تک نوری نصیر خان کلچرل کمپلیکس، اسپن روڈ کوئٹہ میں جاری رہے گا۔ اس دوران روزانہ شام 6 بجے سے رات 8 بجے تک مختلف ثقافتی اور تھیٹر پروگرام پیش کیے جائیں گے۔فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد بلوچستان میں اسٹیج تھیٹر کو فروغ دینا، مثبت اور صحت مند ثقافتی سرگرمیوں کو وسعت دینا اور مقامی فنکاروں، اداکاروں اور ہدایت کاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس اقدام سے صوبے میں فن و ثقافت کے فروغ اور مقامی فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔فیسٹیول کے اختتام پر ”قائد کا پاکستان“ اور ”شائستہ صنم“ کے عنوان سے خصوصی پروگرام بھی پیش کیے جائیں گے۔محکمہ ثقافت و سیاحت بلوچستان نے تھیٹر کے شائقین، فن و ثقافت سے دلچسپی رکھنے والے شہریوں اور ان کے اہل خانہ کو فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی ہے تاکہ اس ثقافتی سرگرمی کو کامیاب بنایا جا سکے۔
