اگست 18, 2026

ضلع حب میں پانی کے بحران سے نمٹنے اور نہری پانی کی چوری کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ

0
hub 2

حب، 24 جولائی 2026: ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمع داد خان مندوخیل کی زیر صدارت ضلع حب میں پانی کے بحران، پینے کے پانی کی فراہمی، صنعتوں اور زرعی شعبے کو پانی کی دستیابی اور نہری پانی کی چوری کی روک تھام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس حب میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایگزیکٹو انجینئر ایریگیشن، ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (PHE)، ایگزیکٹو انجینئر LIEDA، سیکریٹری جنرل لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (LCCI)، چیئرمین و وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی حب، صدر انجمنِ زمینداران، ٹینکر ایسوسی ایشن کے نمائندگان، تحصیلدار حب، ڈی ایس پی حب اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پانی کی قلت اور نہری پانی کی غیر قانونی تقسیم پر تفصیلی غور کیا گیا اور درج ذیل اہم فیصلے کیے گئے:

نہری پانی کی چوری، غیر قانونی کنکشنز اور غیر مجاز واٹر ٹیکنگ کے خلاف بلاامتیاز اور مسلسل آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

پانی چوری میں ملوث افراد کے خلاف فوری طور پر مقدمات (FIRs) درج کیے جائیں گے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انسدادِ پانی چوری آپریشن کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) اور ایگزیکٹو انجینئر ایریگیشن مشترکہ طور پر کریں گے۔

ضلع کی بڑی صنعتی کمپنیاں، LIEDA اور لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (LCCI) آپریشن کی کامیابی کے لیے ایگزیکٹو انجینئر ایریگیشن کو لاجسٹک معاونت فراہم کریں گے۔

نہری پانی کے تمام قانونی کنکشنز پر واٹر میٹرز کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ پانی کے استعمال کی مؤثر نگرانی اور منصفانہ تقسیم ممکن بنائی جا سکے۔

ضلع پولیس کی موبائل گاڑیاں نہروں اور حساس مقامات پر 24 گھنٹے، ساتوں دن (24/7) مسلسل گشت کو یقینی بنائیں گی تاکہ پانی کی چوری اور غیر قانونی سرگرمیوں کی بروقت روک تھام کی جا سکے۔

محکمہ ایریگیشن کی 06 موٹر سائیکلیں نہری نظام کے مختلف حصوں میں مسلسل پٹرولنگ کریں گی تاکہ کسی بھی غیر قانونی کنکشن، پانی کی چوری یا خلاف ورزی کی فوری نشاندہی اور کارروائی ممکن ہو سکے۔

اگر کوئی بڑی صنعتی کمپنی نہری پانی کی چوری، غیر قانونی کنکشن یا پانی کے غیر مجاز استعمال میں ملوث پائی گئی تو ایگزیکٹو انجینئر ایریگیشن فوری طور پر متعلقہ کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کریں گے اور قانون کے مطابق اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی اور مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر حب نے کہا کہ پانی ایک قیمتی قومی اثاثہ ہے اور اس کی چوری یا غیر قانونی استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ باہمی تعاون، مؤثر نگرانی اور قانون کے سخت نفاذ کے ذریعے ضلع حب میں پانی کے بحران پر قابو پایا جائے اور شہریوں، صنعتوں اور زرعی شعبے کو پانی کی منصفانہ فراہمی یقینی بنائی جائے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے