زیارت میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ گیارہ لاکھ روپے معاوضے کی ادائیگی کے ریلیز آرڈر جاری کر دیے گئے۔ شاہد رند
کوئٹہ ، معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر زیارت میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ گیارہ لاکھ روپے معاوضے کی ادائیگی کے ریلیز آرڈر جاری کر دیے گئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ تمام شہداء کے لواحقین کو ان کی دہلیز پر معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر معاوضوں کی ادائیگی کے لیے تمام انتظامی اور مالی کارروائی انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کی گئی حکومت بلوچستان شہداء کے خاندانوں کی کفالت، اہل خانہ کی فلاح و بہبود اور شہداء کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی شاہد رند کا مزید کہنا تھا کہ مالی معاوضہ انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں، تاہم حکومت بلوچستان مشکل کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
