ایک بار پھر معصوم پاکستانیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر شہید کیا گیا، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرانان بازار میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر معصوم پاکستانیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر شہید کیا گیا۔ محنت کش مزدوروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی سفاک ذہنیت کا ثبوت ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مزدور ملک اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے تھے، جبکہ معصوم شہریوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں حکومت اور قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں، بلکہ معصوم پاکستانیوں کی شہادت ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری ریاست اور قوم متحد ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔
