اکتوبر 6, 2026

کوئی بھی شخص جسمانی معذوری کا شکار ہو تو اسے مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ حوصلے اور عزم کے ساتھ زندگی کی نئی شروعات کرنی چاہیے،کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء

0
commisionar-lasbela

کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے کہا ہے کہ انسان اگر اپنا مائنڈ سیٹ درست کر لے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے کامیابی کی منزل سے دور نہیں کر سکتی، کوئی بھی شخص جسمانی معذوری کا شکار ہو تو اسے مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ حوصلے اور عزم کے ساتھ زندگی کی نئی شروعات کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وندر میں ضلع لسبیلہ اور حب کے معذور افراد میں وہیل چیئرز فراہمی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کمشنر لسبیلہ نے کہا کہ سافٹ ویئر انجینئر معذور بچی رول ماڈل کے طور پر پاکستان کی شناخت بن چکی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے صوبے کے معذور بچے بھی دیگر صوبوں کے معذور بچوں کی طرح ٹیکنیکل ایجوکیشن سے لے کر ایتھلیٹ بننے تک کے تمام مواقع حاصل کریں۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ہدایت پر خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تقریب میں کمشنر نے معذور بچوں اور بچیوں میں وہیل چیئرز تقسیم کیں اور اپنی جانب سے انہیں نقد انعامات سے بھی نوازا

تقریب میں معروف قبائلی شخصیت و جام گروپ کے سینئر رہنما میر بہادر خان جاموٹ، میر فتح خان جاموٹ، میر شاہجہان جاموٹ، انگاریہ قبائل کی معتبر شخصیت وڈیرہ سلیمان انگاریہ، میونسپل کمیٹی وندر کے وائس چیئرمین امام بخش بلوچ، میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین عبدالحمید رونجھو، نیشنل پارٹی کے رہنما کامریڈ سلیم بلوچ، عبدالواحد انگاریہ،جام گروپ کے کارکن قادر انگاریہ،زاہد مبارک انگاریہ،سمیت علاقائی عمائدین، فلاحی اداروں کے رضاکاروں اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔

تقریب میں افتتاحی کلمات ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کراچی کے بانی جاوید رئیس نے ادا کیے اور پروگرام کی سرپرستی پر کمشنر لسبیلہ ڈویژن کے وژنری جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے زیر نگرانی پاکستان بھر میں 18 سینٹرز میں معذوروں کو ووکیشنل ٹیکنیکل ایجوکیشن کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ کے تعاون سے کراچی میں معذوروں کی پہلی یونیورسٹی بن رہی ہے۔

جاوید رئیس کا کہنا تھا کہ کمشنر لسبیلہ ڈویژن وژنری سوچ رکھتی ہیں، ہماری تنظیم انتظامیہ کے تعاون سے پہلے مرحلے میں آج کی تقریب میں 25 معذور افراد کو وہیل چیئرز فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 3 دسمبر کو عالمی یوم معذوراں پر حکومت بلوچستان کے تعاون سے لسبیلہ ڈویژن میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

تنظیم کے رضاکار ڈاکٹر غلام قادر نے کہا کہ وندر، اوتھل اور بیلا کے 8 سے 40 سال کے باہمت معذور افراد کے لیے رجسٹریشن شروع کی گئی ہے، اب تک 250 معذوروں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے، انہیں اعلیٰ معیار کی کسٹمائزڈ امپورٹڈ وہیل چیئرز فراہم کی جا رہی ہیں۔

کمشنر لسبیلہ ڈویژن کی آمد کے موقع پر ڈی ایس پی محمد جان ساسولی کی نگرانی میں ایس ایچ او عبدالحق موسیانی نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے اور سیکورٹی فراہم کی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے