حکومت اور اپوزیشن اراکین کا اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں اجلاس، مذاکرات پر زور
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت حکومت اور اپوزیشن اراکین کا اجلاس جاری ہے، جس میں سیاسی معاملات اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر گفتگو کی جا رہی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کا اپنے دفتر آمد پر خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صرف ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں اور دعا ہے کہ مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوں۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ان کا دفتر مسائل کے حل اور مذاکرات کے لیے ہمیشہ کھلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے مسائل کے حل کے لیے اپوزیشن کو ہمیشہ مذاکرات کی دعوت دی ہے، جبکہ اختلافِ رائے اور مسائل کے حل کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عہدے اور دفاتر عارضی ہوتے ہیں، پارلیمان ہی وہ واحد فورم ہے جہاں مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء امیر مقام، رانا ثناء اللہ، محسن رضا نقوی، طلال چوہدری اور طارق فضل چوہدری شریک ہیں۔ سینیٹر شیری رحمان، ارکان قومی اسمبلی سید نوید قمر اور اعجاز حسین جاکھرانی بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
اپوزیشن کی جانب سے بیرسٹر گوہر خان، راجہ ناصر عباس، عامر ڈوگر، سابق اسپیکر اسد قیصر اور سلمان اکرم راجہ اجلاس میں شریک ہیں
