شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کے اہلخانہ سے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی تعزیت
کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی، فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں شہید کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ نے قانون اور انصاف کی سربلندی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے دہشت گردی کے حالیہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت شہداء کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے
