کوہاٹ کی مسجد میں خون بہانے والے دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، ان کا انجام عبرتناک ہوگا،میر علی حسن زہری
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما، صدر آصف علی زرداری کے ترجمان اور پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر علی حسن زہری نے کوہاٹ پولیس لائنز کے قریب مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے مذمتی بیان میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ مسجد میں نمازیوں اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی سفاکیت اور بزدلی کی بدترین مثال ہے۔ عبادت گاہوں، معصوم شہریوں اور ملک کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی بھی صورت میں انسانیت کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ کوہاٹ سانحے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع پوری قوم کے لیے انتہائی افسوسناک اور دلخراش ہے۔ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں، سیکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم کو کمزور نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف مزید مضبوط کریں گی۔
میر علی حسن زہری نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے زخمیوں کو تمام ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی سمیت پولیس اور تمام سیکیورٹی فورسز کے جوان دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔ ہمارے بہادر جوان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر وطن اور عوام کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
میر علی حسن زہری نے کہا کہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار یہ غلط فہمی اپنے ذہن سے نکال دیں کہ وہ خوف و دہشت پھیلا کر پاکستانی قوم کو جھکا سکتے ہیں۔ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں، معاونین اور منصوبہ سازوں کو فوری طور پر بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ جو عناصر پاکستان کے معصوم شہریوں کا خون بہاتے ہیں، انہیں کسی صورت قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔
میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کی ہر کارروائی کی بھرپور حمایت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو شکست دینا صرف سیکیورٹی فورسز ہی نہیں بلکہ پوری قوم کا مشترکہ عزم ہے۔ دشمن جتنی بھی سازشیں کرلے، پاکستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز مل کر ہر سازش ناکام بنائیں گے۔
میر علی حسن زہری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوہاٹ کے سانحے میں ملوث دہشت گردوں کو قانون کے مطابق عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا اور شہداء کے خون کا حساب قانون اور ریاست کی طاقت سے لیا جائے گا۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی
