حب میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی اور واک کا انعقاد
کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء کی ہدایت پر 5 اگست، یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر صنعتی شہر حب میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شہر "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے گونج اٹھا۔
یکجہتی ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر حب مہیم جان اور سول سوسائٹی رہنما یعقوب ساسولی نے کی، جبکہ چیئرمین ضلع کونسل جاوید جمالی، مختلف سرکاری و نجی اسکولوں کے طلبہ، اساتذہ، شہریوں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر منانے کا مقصد بھارت اور اسرائیل سمیت عالمی برادری کو یہ باور کرانا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے مقدمے کو ہر بین الاقوامی فورم پر بھرپور انداز میں اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں لسبیلہ ڈویژن کے سرکاری تعلیمی اداروں میں یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ مختلف اسکولوں میں آگاہی پروگرامز، سیمینارز، کوئز مقابلے، ٹیبلوز، مباحثے اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام پر بھارتی مظالم سے آگاہ کیا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر لسبیلہ ڈویژن بھر میں کشمیر کاز کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح لسبیلہ ڈویژن کے عوام بھی کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔
