گورنر بلوچستان کی ایم ڈی کیٹ میں صوبے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم ولی اللہ ترین کی حوصلہ افزائی، لیپ ٹاپ دینے کا اعلان
کوئٹہ12 اکتوبر: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ایف ایس سی کے طالب علم ولی اللہ ترین ولد عین الدین کی ایم ڈی کیٹ میں شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا۔ ڈسٹرکٹ پشین کے ولی اللہ ترین نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT BUHMS University) میں ٪91 فیصد نمبر حاصل کرکے بلوچستان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ گورنر بلوچستان نے فرسٹ پوزیشن ہولڈر کی محنت، لگن اور تعلیمی قابلیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی غیرمعمولی کامیابیاں نہ صرف ان کے والدین اور اساتذہ کیلئے باعثِ فخر ہیں بلکہ دوسرے طالب علموں کیلئے بھی مشعلِ راہ ہیں۔
